برطانیہ میں مقیم کشمیری اور اردو ادب سے وابستہ حلقوں کے لیے خوشی کی خبر ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری خوبصورت روایت کے تسلسل میں اس سال بھی ایسوسی ایشن آف کشمیر اولڈ سٹوڈنٹس (AKOS International) اور محفلِ فکر و فن کے اشتراک سے ایک عظیم الشان علمی، ادبی، ثقافتی اور تفریحی اجتماع منعقد کیا جا رہا ہے۔
یہ تقریب مورخہ 2 اگست بروز اتوار دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک ہائیڈ پارک لندن، ڈایانا میموریل کے قریب منعقد ہوگی، جہاں اہلِ ذوق، ادب دوست اور ہم خیال شخصیات ایک خوشگوار ماحول میں یکجا ہوں گی۔
اس سالانہ نشست کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں معاشرے کے ہر طبقے اور ہر مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ بالخصوص ایسے نئے شعراء، ادباء، گلوکاروں اور فنکاروں کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جنہیں بڑے پلیٹ فارمز تک رسائی کے مواقع کم میسر آتے ہیں، تاکہ ان کی صلاحیتیں مزید نکھر سکیں اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہو۔
تقریب مکمل طور پر شرکاء کے تعاون سے منعقد کی جاتی ہے۔ شرکاء اپنی پسندیدہ کھانے پینے کی اشیاء ضرورت سے کچھ زیادہ مقدار میں ساتھ لاتے ہیں تاکہ ایک مشترکہ دسترخوان کی برکتوں، ذائقوں اور میزبانی کے ثواب میں سب شریک ہو سکیں۔ اس روایت نے گزشتہ برسوں میں محفل کے خاندانی اور دوستانہ ماحول کو مزید خوشگوار بنایا ہے۔
منتظمین کے مطابق پروگرام کا مجوزہ شیڈول کچھ یوں ہوگا:
- 2 بجے تا 3 بجے: خوش آمدید اور فیملی نیٹ ورکنگ
- 3 بجے تا 5 بجے: ملی نغمے، شاعری، ادب، موسیقی اور فنکارانہ پرفارمنس
- 5 بجے تا 6 بجے: ہلکی پھلکی گفتگو، قصہ گوئی اور لطیفہ گوئی
- بعد ازاں حاضرین کی صوابدید کے مطابق آزادانہ نشست
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس تقریب کا ایک سماجی پہلو بھی موجود ہے، کیونکہ دور دراز سے آنے والی فیملیز کو ایک دوسرے سے متعارف ہونے کا موقع ملتا ہے، جس سے باہمی روابط مضبوط ہوتے ہیں اور کئی سماجی معاملات میں بھی مثبت پیش رفت ممکن ہو سکتی ہے۔
آگست کے مہینے میں چونکہ برطانیہ اور یورپ میں تعطیلات کا موسم ہوتا ہے، اس لیے بیرونِ ملک سے آنے والے مہمانوں خصوصاً سابق طلبہ اور سیاحوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ بیرونِ ملک سے تشریف لانے والے مہمانوں کو خصوصی حیثیت دی جائے گی۔
منتظمین نے یہ بھی واضح کیا کہ جو افراد شاعری، گلوکاری یا دیگر فنون میں فن کا مظاہرہ کے خواہش مند ہوں وہ پیشگی اطلاع دے دیں تاکہ انہیں مناسب وقت دیا جا سکے۔
ہر سال پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں منتظمین نے واضح کیا ہے کہ اب مستقل طور پر ہر سال اگست کے پہلے اتوار کو یہ تقریب منعقد ہوا کرے گی۔ شرکاء سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق تیاری کے ساتھ آئیں کیونکہ ہلکی بارش یا بوندہ باندی کی صورت میں بھی پروگرام حسبِ معمول جاری رہے گا۔
منتظمین نے حاضرین سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ میرپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حوالے سے اپنی عملی اور قابلِ عمل تجاویز بھی پیش کریں تاکہ اجتماعی سوچ کو بہتر انداز میں سامنے لایا جا سکے۔
"یاد تھیں ہم کو بھی رنگا رنگ بزم آرائیاں
لیکن اب نقش و نگارِ طاقِ نسیاں ہو گئیں”
پروگرام میں شرکت کے خواہشمند افراد سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ راقم یا بانی اراکین استاد الشعراء جناب مظفر احمد مظفر، جناب نعیم سلہریا، جناب احسان شاہد، جناب اسلم چغتائی یا دیگر منتظمین کو اپنی آمد سے آگاہ کر دیں۔
پبلک ریلیشنز آفیسر محترمہ ناہلہ سعید نے خصوصی طور پر خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی فیملیز اور بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور پروگرام کی بہتری کے لیے اپنی مثبت تجاویز بھی پیش کریں۔